یوم وصال حضرت مولانا عبدالستار خان نیازی (رح)


دنیا میں سب سے پہلی مرتبہ پاکستان زندہ باد کہنے والی زبان خاموش ہو گئی۔
یوم وفات مجاہد تحریک آزادی پاکستان مولانا عبدالستار خان نیازی۔
مولانا عبدالستار خان نیازی میانوالی کے سب سے معتبر سیاست دان تھے۔ انہوں نے تحریک پاکستان شاندار کردار ادا کیا تھا. آج کل کے پاکستانی لیڈروں میں خاص طور پر مذہبی لیڈروں میں کوئی ایسا موجود نہیں جو ان کا ہمسر قرار دیا جاسکے۔
مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی یکم اکتوبر 1915ء کو ضلع میانوالی کے گاؤں اٹک پنیالہ تحصیل عیسیٰ خیل
میں پیدا ہوئے،آپ کے والد ذوالفقارخان ایک نیک سیرت اور پاکباز انسان تھے۔دینی گھرانہ ہونے کی وجہ سے مولانا نیازی کو بچپن ہی سے مذہبی ماحول میسر آیا۔

:لاہور آمد


مولانا عبدالستار خان نیازی نے 1933ء میٹرک پاس کیا اور حصول تعلیم کیلئے لاہور تشریف لے آئے۔لاہور میں آپ نے انجمن حمایت اسلام کے زیر انتظام” اشاعت اسلام کالج” میں داخلہ لے لیا اور1936ء میں”ماہر تبلیغ”کی حیثیت سے کالج میں ٹاپ کیا۔اسی دوران مولانا عبدالستار خان نیازی کی ملاقات حکیم الامت علامہ اقبال سے ہوئی۔اسرار خودی کے مطالعے نے فارسی پڑھنے کے شوق کو اِس قدر ابھارا کہ مولانا نیازی نے چھ ماہ میں منشی فاضل کا امتحان بھی پاس کرلیا۔اسی سال آپ نے ایف اے کا امتحان دیا اور اسلامیہ کالج لاہور میں بی اے میں داخلہ لے لیا۔مولانا عبدالستار خان نیازی نے 1938ء میں اسلامیہ کالج لاہور میں ایم اے عربی میں داخلہ لے لیا اور ایم اے کرنے کے بعد 1942ء میں اسلامیہ کالج لاہور میں ڈین آف اسلامک اسٹیڈیز کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں۔

:مسلم اسٹوڈنٹ فیڈریشن کا قیام


یہ وہ زمانہ تھا جب برصغیر پاک وہند میں کانگریس اور مسلم لیگ کا بڑا چرچا تھا۔نیشنلسٹ طلباء کی تنظیم”نیشنل اسٹوڈینس فیڈریشن”تعلیمی اداروں میں چھائی ہوئی تھی۔چنانچہ1936ء میں مولانا نیازی،مولانا ابراہیم علی چشتی ،میاں محمد شفیع (م،ش)مشہور صحافی حمید نظامی اورعبدالسلام خورشید نے علامہ اقبال کی قیام گاہ پر اُن کے مشورے سے طلباء کی تنظیم ”دی مسلم اسٹوڈینس فیڈریشن ”کی بنیاد رکھی۔جس کا مقصد مسلم طلباء کو نیشنلسٹوں کے اثر سے بچانا اور سیاسی شعور اجاگر کرکے قیام پاکستان کی راۂ ہموار کرنا تھا۔مولانا نیازی 1938ء میں اِس تنظیم کے صدر منتخب ہوئے،صدر منتخب ہونے کے بعد آپ نے ”مسلم اسٹوڈینس فیڈریشن ”کے منشور میں پہلی تبدیلی یہ کی کہ ”مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک الگ خطہ زمین جس میں مسلمانوں کی حکومت ہو”کو خلافت پاکستان”کا نام دیا۔ 1939میں میں مولانا نیازی نے مسلم اسٹوڈینس فیڈریشن کی جانب سے”خلافت پاکستان اسکیم ”نامی پمفلٹ شائع بھی کیا۔جس کی ایک کاپی قائداعظم محمد علی جناح کو بھی بھجوائی گئی۔جسے قائداعظم نے مولانا نیازی سے ملاقات میں ایک گرم اسکیم قرار دیا۔

:قرارداد پاکستان میں کردار


،23مارچ 1940ء کو جب قرار داد لاہور پیش ہوئی۔اُس وقت مولانا نیازی ایم اے فائنل ایئر میں زیر تعلیم تھے۔اِس اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام مقررین کا مدعا اگرچہ پاکستان کا قیام ہی تھا مگر کسی نے اپنی تقریر میں پاکستان کا نام نہیں لیا۔یہ اعزاز صرف مولانا عبدالستار خان نیازی کو جاتا ہے کہ آپ نے پہلی بار اِس اجتماع میں”پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگایا۔جو مسلمانوں کے کسی عظیم اجتماع میں پاکستان کیلئے لگایا گیا پہلا نعرہ تھا۔
مولانا نیازی نے میانوالی ڈسٹرکٹ میں مسلم لیگ کو دوبارہ منظم کرنے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ضلع میانوالی کے صدر سمیت مسلم لیگ کے کئی اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں۔1945ء میں قائداعظم نے آپ کو ضلع میانوالی سے پرونشل اسمبلی کا ٹکٹ دیا جس پر آپ نے یونینسٹ پارٹی کے امیداوار کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔مولانا نیازی قیام پاکستان کے بعد 1951ء تک مسلم لیگ سے وابستہ رہے۔مگر جب مسلم لیگ کو عملاً ایک لمیٹیڈ کمپنی بنادیا گیا تو آپ نے مسلم لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے اپنے آپ کو خلافت پاکستان ،جس کا مقصد ملکی قوانین کو شریعت کے مطابق بنانا اور اسلامی نظام کا مکمل نفاذ تھا،کیلئے وقف کردیا ۔

:تحریک ختم نبوت میں کردار


1953ء میں انہوں نے تحریک تحفظ ختم نبوت میں فعال کردار ادا کیا جس پر انہیں مارشل لاء کی ایک فوجی عدالت نے مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کے ساتھ سزائے موت سنائی۔ بعدازاں ان دونوں رہنماؤں کی یہ سزا 14 سال قید بامشقت میں تبدیل ہوگئی۔
1970ء کی دہائی میں انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور اس کے سیکریٹری جنرل اور مرکزی صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ 1988ء اور 1990ء کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1994ء سے 1999ء تک سینٹ آف پاکستان کے رکن رہے۔ اسی دوران انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور کے عہدے پر بھی خدمات انجام دیں۔
مولانا نیازی عمر بھر ایک سربکف مجاہد کا کردار ادا کرتے رہے اور قیام پاکستان کے بعد اپنی وفات 2 مئی 2001ء تک اپنے مشن کی تکمیل،مقصد کے حصول اور ریاست کی فوزوفلاح کیلئے کمر بستہ رہے۔
تحریک پاکستان میں مولانا عبدالستار خان نیازی کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے۔یہ مولانا عبدالستار خان نیازی ہی تھے جنھوں نے پنجاب میں قائداعظم کی تائیدوحمایت میں پہلی اور موثر آواز بلند کی۔ سر سکندر حیات کی سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کرکے مسلم لیگ کے قیام واستحکام کی راہ ٔہموار کی اور مسلم لیگ کو اہل پنجاب کے دلوں کی ڈھرکن بنادیا۔
مولانا عبدالستار خان نیازی پاکستان بنانے والوں میں سے ایک تھے۔اُن کا اوڑنا بچھونا سب ہی کچھ پاکستان اور نفاذ اسلام کیلئے تھا،وہ فنافی الپاکستان تھے،وہ پاکستان کو دنیا کے سامنے خلافت راشدہ کی طرز پر ایک جدید فلاحی ریاست کی طورپر دیکھنا چاہتے تھے۔ مولانا نے اِس مقصد کیلئے متعدد کتابچے اور کتابیں بھی لکھیں جن میں”خلافت ۔پاکستان،مسودۂ آئین پاکستان،منشور خلافت،اتحاد بین المسلمین وغیرہ شامل ہیں،

تحریر : نیازی پٹھان قبیلہ ویبسائٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں